ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اترکنڑا ضلع کے 529افراد راؤڈی لسٹ سے خارج : پچھلے 10برسوں کی چال چلن پر لیاگیا فیصلہ

اترکنڑا ضلع کے 529افراد راؤڈی لسٹ سے خارج : پچھلے 10برسوں کی چال چلن پر لیاگیا فیصلہ

Sun, 19 Feb 2023 20:24:19    S.O. News Service

کاروار:18؍ فروری (ایس اؤ نیوز )ودھان سبھا انتخابات بہت قریب ہیں اسی دوران محکمہ پولس نے ریاست کرناٹک کے  7361افراد کو راؤڈی فہرست سے خارج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جن میں اترکنڑا ضلع کے 529افراد بھی شامل ہیں۔ان میں وہ ملزم بھی شامل ہیں جن پر  پرانے معاملات  درج تھے انہیں اب رہا کئے جانےکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ذرائع سے ملی اطلاع  کے مطابق ہنگامہ ، جھگڑا، ماردھاڑ معاملات میں ملوث افراد کو راؤڈی شیٹر فہرست میں شما رکیاگیا تھا۔ جرم کرنے والے افراد کا راؤڈی شیٹر کارڈ بھی شروع کیاگیا تھا۔ راؤڈی شیٹر کی فہرست میں شامل افراد جو پچھلے 10برسوں سے بہتر زندگی جی رہے تھے ان کے کارڈ رد کئےگئےہیں۔ انہی وجوہات کی بنا پر اترکنڑا کے 529افراد  کو بھی راؤڈی شیٹر کی فہرست سے خارج  کیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ محکمہ پولس  نے  صرف ڈیڑھ مہینے  یعنی جنوری   سے 13  فروری  تک  کے عرصے میں 7361ملزموں کو راؤڈی فہرست سے خارج کیا ہے۔ راؤڈی شیٹر کی فہرست سے خارج کئےجانے والوں میں دکشن کنڑا، منڈیا، اترکنڑا اور بیدرا ضلاع کی کثرت ہے۔ اترکنڑا ضلع تیسرے نمبر پر ہے جہاں  529 ملزموں کو راؤڈی شیٹر کی  فہرست سے خارج کیاگیا ہے ، دکشن کنڑا ضلع  کے 781ملزم، منڈیا ضلع  کے  610، بیدر ضلع   کے  519، میسور کے 350، ہاسن کے 350، چتردرگہ کے 319، اُڈپی کے 292، ہاویری  کے266، وجئے پوراکے  215، شیموگہ کے 207 اور بنگلورو  کے  17افراد کو راؤڈی شیٹر کی فہرست سے  نکالاگیا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ انتخابات سرپر آنے کے موقع پر  ان لوگوں کو راؤڈی شیٹر  کی لسٹ سے نکالے جانے کے بعد انہیں پھر ایک بار انتخابی سرگرمیوں میں متحرک ہونےکا موقع ہاتھ آئے گااوریہی لوگ بعد میں سماجی کارکن کے نام پر انتخابی تشہیری میدان میں نظر آئیں تو کوئی عجب نہیں ہے۔ راؤڈی شیٹر کا داغ ہونےکی وجہ سے پارٹیوں سے بی فارم حاصل کرنا مشکل ہے، اسی لئے چند راوڈیوں نے لابی کرتےہوئے فہرست سےنکل جانےکی بات کہی جارہی ہے۔ جہاں تک اترکنڑا ضلع کی بات ہے  یہاں چند پرانے معاملات میں راؤڈی شیٹر کی فہرست سے رہائی ملی ہے۔ دیگر اضلاع سےموازنہ کریں تو اترکنڑا ضلع میں راؤڈی شیٹروں کی تعداد کسی حد تک ہے۔

انتخابات کے دوران محکمہ پولس کا ایک بڑا کام راؤڈی شیٹروں کی نگرانی ہے اور محکمہ کےلئے یہ ایک  چیلنج بھی ہے۔ قانونی نظام کے پیش نظر انتخابات کے دوران راوڈی شیٹروں کی پریڈ لےکر انہیں تاکید کی جاتی ہے۔ اور چند حساس علاقوں میں انتخابات ہونے تک پولس انہیں اپنی تحویل میں رکھتی ہے۔


Share: